سندھ میں ریسٹورنٹس،کیفے،ہوٹلز اور سینما کھول دیے گئے، نوٹیفکیشن جاری

سندھ حکومت نے بھی لاک ڈاؤن  پابندیاں  مزید نرم کرتے ہوئے صوبے  میں ریسٹورینٹس اور تمام کاروبار ضابطہ کار (ایس او پیز) کے مطابق کھولنے کی اجازت  دے دی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا کی وبا ابھی بھی موجود ہے اور اگر احتیاط نہ کی گئی تو کیسز میں دوبارہ اضافہ ہوسکتا ہے اس لیے  سخت احتیاطی تدابیر کی ہدایت کے ساتھ تمام کاروبار کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی اوسی) اور  قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے فیصلوں اور سفارشات کی روشنی میں معاشی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا جارہا ہے۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کارکا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت کاروباری مراکز اب صبح 6 سےرات 8 بجے تک کھولے جاسکیں گے۔

حکم نامے کے مطابق آج سے صوبے میں تمام ریسٹورنٹس رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے  جہاں ٹیبل سروس بھی ہوگی اور ریسٹورنٹس میں کھانے کا آرڈر رات 9 بجے تک لیاجاسکے گاجب کہ ہفتے کی رات ریسٹورنٹس رات 11 بجے تک کھولے جاسکیں گے۔

شہری ریسٹورنٹس سے ہفتے کے 6 دن رات 10 بجے تک کھانالے کرجاسکتے ہیں جب کہ ہفتے کی رات 11 بجے تک کھانا ٹیک اوے کیا جاسکتا ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق تمام ریسٹورنٹس میں کورونا کے حوالے سے ضابطہ کار پر عمل لازمی ہوگا اور گاہکوں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ لازمی رکھنا ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں شائقین کے بغیر تمام قسم کے کھیلوں کے مقابلوں کی اجازت ہوگی۔

صوبے میں سینما، پارکس، گراؤنڈ اور  بیوٹی پارلرز بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جب کہ ضابطہ کار پر عمل کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ تعلیمی ادارے ،شادی ہال اور ایکسپو سینٹرز 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔

سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے ساتھ ہوٹلز کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔

صوبے کے مزارات بھی کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ اجازت کے ساتھ اجتماعات کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے جہاں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق حکم نامے کا اطلاق  آج سے لے کر  15 ستمبر تک ہوگا۔

مزید خبریں :