Time 13 اگست ، 2020
پاکستان

وفاقی حکومت سندھ کو کالونی بناکر کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت سندھ کو کالونی بناکر سندھ کے دارالحکومت پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔

سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ کیخلاف کسی بھی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی مخالفت کی جائے گی، سندھ کے ساتھ وفاق بار بار نا انصافی کر رہا ہے، جب قوم کورونا سے لڑ رہی تھی تو وفاق حقوق چھیننے میں مصروف تھا۔

 بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ پانی اور سیوریج سمیت تمام مسائل کی وجہ  قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں صوبوں کا حق نہ ملنا ہے، ہمیں وفاق سے این ایف سی کا حصہ کم مل رہا ہے جب کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبوں کو زیادہ کام دیے گئے ہیں۔

بارشوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرے صوبے میں تاریخی مون سون بارش ہوئی،ہم نیشنل ڈیزاسٹر امنیجمنٹ(این ڈی ایم اے) کے شکر گزار ہیں، دیر آید درست آید۔

اپنے والد اور پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی طبیعت ٹھیک نہیں ،سمجھ نہیں آتا کہ انہیں حاضری سے استثنیٰ کیوں نہیں دیاجارہا،ہم پہلے سے کہہ رہے ہیں کہ سندھ کا کیس پنڈی میں کیوں چلایا جا رہا ہے، عدلیہ سے امید ہے کہ وہ ہمارے حقوق کا تحفظ کرے گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نالوں پر تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس میں کہا تھا کہ کراچی کے حوالے سے وفاقی حکومت مختلف آئینی اور قانونی پہلوؤں کو سنجیدگی سےغور کررہی ہے جس کی تفصیل ابھی نہیں بتائی جاسکتی۔

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی جیو کے پروگرام 'آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاق کا سندھ حکومت سے فریم ورک پر اتفاق نہ ہوا تو سخت کارروائی کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔

ان بیانات کے بعد سے پیپلز پارٹی کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اٹارنی جنرل کو کراچی کے لیے آئینی آپشنز کے بیان پر وضاحت کے لیے پارلیمنٹ طلب کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

مزید خبریں :