08 ستمبر ، 2012
اسلام آباد… پاکستان اور بھارت کے وزراء خارجہ کے درمیان مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ دفتر خارجہ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ حناربانی کھر جبکہ بھارت کی نمائندگی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کر رہے ہیں۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان ویزوں میں نرمی سے متعلق معاہدے بھی متوقع ہیں۔واضح رہے کہ کل ہونے والے مذاکرات میں پاکستان اور بھارت سیاحت سمیت 8 شعبوں میں ویزا پابندیاں نرم کرنے پر متفق ہوگئے تھے جس کے حوالے سے ہونے والے معاہدے پر آج دستخط ہوں گے۔ ویزا اقسام میں سفارتی، غیرسفارتی، 36/ گھنٹوں کا ٹرانزٹ ویزا اور سیاحت کا ویزا شامل ہے۔ تاجروں، میڈیا کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے عہدیداروں کو ترجیحی بنیادوں پر ویزے فراہم کئے جائیں گے ۔ سیاحتی ویزا 6/ ماہ کیلئے پانچ مقامات کیلئے جاری کیا جائے گا۔