10 فروری ، 2012
کراچی… رفیق مانگٹ… ترکی نے تین اپ گریڈ ایف16 طیارے پاکستان کے حوالے کردیئے ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے تمام 41ایف16طیاروں کوترکی میں اپ گریڈ کیا جارہا ہے،ان کی اپ گریڈیشن2014تک مکمل ہوگی۔اس سلسلے میں پہلے تین طیارے اپ گریڈ کے عمل سے گزر کر کامیاب آزمائشی پروازیں کر چکے ہیں اور انہیں انقرا میں پاکستانی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے ۔تاہم ابھی یہ طیارے پاکستان روانہ نہیں کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ترکی کی ائیرو اسپیس انڈسٹریز (تائی) اور پاکستان ائیر فورس کے مابین 2009میں ایف 16 طیاروں کو جدید خطوط میں ڈھالنے کا(امن ڈرائیو 2 پروگرام ) معاہدہ ہوا تھا،معاہدے کے تحت ترکش ایئرو اسپیس کے انجینئرز اور تکنیکی ماہرین پاکستان ایئر فورس کے تمام41 ایف سولہ طیاروں کو اپ گریڈ کرنا تھا،پہلے مرحلے میں ایف سولہ طیاروں کواپ گریڈ کرنے بعد کامیاب فلائٹ ٹیسٹ سے گزارا گیا،یہ تمام آزامائشی پروازیں تائی کے پائلٹوں نے کامیابی سے مکمل کی۔انقرا میں ایک تقریب میں پہلے تین PAF F-16طیارے پاکستانی حکام کے حوالے کردیئے گئے۔معاہدے کے تحت تائی نے ایف سولہ طیاروں کی فضائی اور ساختی جدت کے ساتھ پاکستان ائیر فورس کے72تکنیکی ماہرین کی تربیت کے فرائض بھی دینے ہیں، تربیت کی تکمیل کے بعد پاک فضائیہ کے ماہرین تائی میں جاری سرگرمیوں کا براہ راست حصہ بنتے۔اس پروگرام کا آغاز 2010میں ہوا اور ستمبر2014تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔فلائیٹ گلوبل کے مطابق ترکش ایئرو اسپیس نے انقرا میں پاکستان ائیر فورس کے تین ایف سولہ طیاروں کو اپ گریڈ کر کے حوالے کردیا گیا تاہم ابھی انہیں پاکستان نہیں بھیجا گیا۔یہ معاہدہ پاکستان اور امریکی حکومت کے مابین ہوا جس کے مطابق ایف سولہ طیاروں کے مطلوبہ پارٹس ،سامان اور تکنیکی مہارت تائی نے فراہم کرنا تھی۔