پاکستان
Time 27 ستمبر ، 2020

ن لیگ والے ڈیل کے چکر میں رابطے کرنے کی کوشش کررہے ہیں: شبلی فراز کا دعویٰ

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) والے ڈیل کے چکر میں ہیں اور بدستور رابطے کی کوشش کررہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ش سمیت ن لیگ کے کئی دھڑے بننے جارہے ہيں، شیخ رشید کی باتوں میں وزن ہے کیونکہ شریف خاندان میں بھی چپقلش چل رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا مقصد ملک میں بے یقینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا کرنا ہے، نواز شریف کے حالیہ بیانیے سے خود ان کی جماعت اضطراب کا شکار ہے اور ان کے بیانیے پر پارٹی میں سے مختلف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کہ ن لیگ والے ڈيل کے چکر میں ہیں اور بدستور رابطے کرنے کی کوشش کررہے ہيں جب کہ ن لیگ جو تحریک چلانا چاہتی ہے وہ بے بنیاد ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نیب کیسز پر گھیرا تنگ ہونے کے باعث اپوزیشن حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے اور اپوزیشن کرپشن کا جواب دینے کے بجائے حکومت پر تنقید کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور جمیعت علمائے اسلام (ف) نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے گلگت بلتستان الیکشن سے متعلق تجاویز کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ 

مزید خبریں :