پاکستان
Time 10 اکتوبر ، 2020

وزیراعظم کو والدین نے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی ویڈیوز کی شکایات کی تھیں، شہباز گِل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل کا کہناہےکہ  غیر اخلاقی ویڈیوز کے باعث ٹک ٹاک ایپ بند کی گئی، وزیراعظم سے کچھ والدین نے اس متعلق شکایت کی تھی اور ویڈیوز بھی بھیجی تھیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گِل نےکہا کہ فی الحال پاکستان میں موبائل فون ایپلی کیشن ٹک ٹاک کو بندکیاگیا ہے، ضابطہ اخلاق بنانے سے متعلق ٹک ٹاک انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے۔

شہباز گل کاکہنا تھا کہ اگر ٹک ٹاک انتظامیہ نے اخلاقی ضوابط پر عمل کیا تو  ایپ کو پاکستان میں دوبارہ بحال کردیں گے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گذشتہ روز چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی ٹی اے کے مطابق معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات کی گئی تھیں جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھاکہ وزیراعظم عمران خان معاشرے میں بڑھتی عریانیت اور فحاشی پر شدید پریشان ہیں اور انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو اس کی روک تھام کے لیے ہدایت کی ہے کیونکہ ایسا نہ ہوا تو اس کے نتیجے میں پاکستانی معاشرے کی سماجی و مذہبی اقدار تباہ ہو جائیں گی۔

شبلی فراز کاکہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک یا دو نہیں بلکہ 15 یا 16مرتبہ اس معاملے پر مجھ سے بات کی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ مرکزی میڈیا اور سوشل میڈیا اور اس کی ایپلی کیشنز کے ذریعے پھیلنے والی فحاشی کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

شبلی فراز نے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ عریانیت کی وجہ سے بچوں اور خواتین کے ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھاکہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں انہیں بتایا کہ ٹک ٹاک جیسی ایپس معاشرے کی اقدار کو زبردست نقصان پہنچا رہی ہیں لہٰذا اسے بلاک کرنا چاہیے۔ 

مزید خبریں :