Time 13 اکتوبر ، 2020
پاکستان

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے نواز شریف کی طلبی کے اشتہار کیلئے خط لکھ دیا

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے 2 قومی اخبارات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کا اشتہار شائع کرانے کے لیے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو خط لکھ دیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے خط میں کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ اپارٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں میں طلبی کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر فوجداری ایکٹ کی دفعہ87 کے تحت اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے 7 اکتوبر کو نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کا حکم دیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی طلبی کا اشتہار 19 اکتوبر کو ڈان کے لاہور جب کہ جنگ کے لاہور اور لندن ایڈیشنز میں سیاہ سیاہی سے بیک پیج کے ایک چوتھائی حصے پر شائع کرانے کا بندوبست کیا جائے۔ 

خط میں کہا گیا ہے کہ اشتہار کے تمام اخراجات وفاقی حکومت اٹارنی جنرل آفس کے ذریعے ادا کرے گی۔ 

خط کے مطابق نواز شریف اسلام آباد ہائیکورٹ سے مفرور ہیں، انہیں بذریعہ اشتہار پیشی کا آخری موقع دیا جاتا ہے کہ وہ 24 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کو مفرور قرار دے کر بذریعہ اشتہار طلب کیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا تھا کہ نوازشریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کا تمام خرچہ وفاقی حکومت برداشت کرے گی جس پر حکومت نے رقم عدالت میں جمع کرادی تھی۔

مزید خبریں :