پاکستان
Time 13 اکتوبر ، 2020

موٹروے زیادتی کیس: عابد نے خود گرفتاری دی، ملزم کے والد کا دعویٰ

موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کے والد نے دعویٰ کیا ہےکہ میرے بیٹے نے خود گرفتاری دی ہے۔

ملزم عابد ملہی کے والد اکبر علی نے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا ہےکہ عابد شام ساڑھے 6 بجے مانگا منڈی میں گھر آیا تھا، اس کےگھر آنے پر ہم نے خود پولیس کو اطلاع کی۔

اکبر علی نے دعویٰ کیا ہےکہ عابد کو مقامی شہری خالد بٹ کی موجودگی میں پولیس کےحوالےکیاگیااور خالد بٹ کی گاڑی میں ہی کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) مرکز بھجوایا۔

ملزم کے والد نے مطالبہ کیا ہے کہ عابد ملہی گرفتار ہوچکا ہے، اب ہماری خواتین کوبھی رہا کیاجائے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز آئی جی پنجاب نے ملزم عابد کو پولیس کی جانب سے فیصل آباد سے گرفتارکرنےکا دعویٰ کیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری میں پنجاب پولیس کی دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی معاونت کی اور سائنٹیفک طریقے بھی استعمال کیے گئے۔ 

آج وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی نے موٹروے کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے والی ٹیم کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔

واقعے کا پسِ منظر

خیال رہے کہ 9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

2 افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

اس کیس میں شریک دوسرا ملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔

ایف آئی آر کےمطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

کار کا پیٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا،جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔

ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئےاور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا اور خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کیا۔

پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی۔

مزید خبریں :