کھیل
10 فروری ، 2012

ون ڈے انٹرنیشنل: افغانستان کا پاکستان کوجیت کیلئے 196 رنز کا ہدف

ون ڈے انٹرنیشنل: افغانستان کا پاکستان کوجیت کیلئے 196 رنز کا ہدف

شارجہ … افغانستان نے پاکستان کو فتح کے لئے 196 رنز کا ہدف دیا ہے، اولین ون ڈے انٹرنیشنل میں افغانستان کی پوری ٹیم 48.3 اوورز میں 195 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی، شاہد آفریدی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کسی بھی ٹیسٹ نیشن کے خلاف پہلے ون ڈے میں افغان کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم وہ 200 کا ہندسہ عبور نہ کرسکے۔ نور علی زردان 9رنز بنا کر آوٴٹ ہونے والے افغانستان کے پہلے بیٹسمین تھے انہیں عمر گل نے اپنی ہی گیند پر کیچ آوٴٹ کیا۔ 54 کے مجموعی اسکور پر شاہد آفریدی کے ہاتھوں آوٴٹ ہونے والے محمد شہزاد 20 رنز بناسکے۔ نوروز مینگل کو شاہد آفریدی نے 11 رنز پر بولڈ کیا۔ افغانستان کے ٹاپ اسکورر کریم صادق کو 40 رنز پر شاہد آفریدی نے عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ کرایا، گلبدین نائب کو بھی شاہد آفریدی نے 7 رنز پر پویلین بھیجا، محمد نبی افغانستان کے آوٴٹ ہونے والے چھٹے بیٹسمین تھے وہ 37 رنز بناسکے۔ میر واعظ اشرف 12 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ دولت زردان 12 کو وہاب ریاض اور سمیع اللہ شنواری کو 32 رنز پر عمر گل نے پویلین بھیجا۔ افغانستان کے آوٴٹ ہونے والے بیٹسمین حمزہ ہوتاک کوئی رن نہ بناسکے، شپور زردان 2 رن بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے 36 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں، عمر گل اور وہاب ریاض نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

مزید خبریں :