دنیا
Time 01 دسمبر ، 2020

چین کی جانب سے شمالی کوریا کے سربراہ کو کورونا ویکسین فراہم کیے جانے کا انکشاف

امریکی تھنک ٹینک کے رکن ہیری کازیان نے یہ دعویٰ جاپان کے انٹیلی جنس ذرائع کی رپورٹس کی بنیاد پر کیا ہے— فوٹو:فائل

شمالی کوریا کے حوالے سے قائم امریکی تھنک ٹینک نے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن اور ان کے خاندان کے افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی ہے۔

امریکی تھنک ٹینک کے رکن ہیری کازیان نے یہ دعویٰ جاپان کے انٹیلی جنس ذرائع کی رپورٹس کی بنیاد پر کیا ہے۔

اپنے آرٹیکل میں ہیری کا کہنا ہے کہ چین نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان، ان کے خاندان اور دیگر اعلیٰ قیادت کو کورونا سے بچاؤ کی تجرباتی ویکسین فراہم کی ہے۔

تھنک ٹینک کے رکن نے دعویٰ کیاکہ گزشتہ 2 سے 3 ہفتوں کے درمیان چینی حکومت کی جانب سے شمالی کوریا کی اعلیٰ قیادت کو ویکسین مہیا کی گئی ہے۔

تاہم امریکی تھنک ٹینک کے رکن کے دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی یہ بات سامنے آئی ہے کہ کس چینی دواساز کمپنی کی ویکسین فراہم کی گئی۔ 

خیال رہے کہ چین کی 3 دواساز کمپنیاں کورونا ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں جس کے باعث ماہرین کا قیاس ہے کہا ہے کہ کم جونگ ان تجرباتی طور پر یہ ویکسین استعمال کریں گے۔

دوسری جانب چینی وزرات خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے ان رپورٹس پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا اور کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے کچھ بھی نہیں سنا۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے اب تک ملک میں کورونا وائرس کے کسی کیس کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس نے پڑوسی ملک میں کورونا نہ پھیلنے کے امکان کو مسترد کیا ہے۔

انٹیلی جنس کے مطابق شمالی کوریا اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات اور آمدورفت رہتی ہے اور ایسے میں کورونا پھیلنے کے خدشے کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جاسکتا۔

 رواں سال چین میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد شمالی کوریا نے اپنی سرحدیں بند کردی تھیں اور  ملک میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی سمیت تمام بین الاقوامی پروازیں اور  ٹرین سروس بھی معطل کر دی تھی۔

مزید خبریں :