کاروبار
Time 05 دسمبر ، 2020

چینی سستی ہونے کے باوجود پچھلے سیزن سے 50 فیصد مہنگی

کراچی کے ہول سیلز جوڑیا بازارمیں پہلے گنے کے کرشنگ سیزن میں فی کلو چینی 50 روپے کلو تھی، آج کل کرشنگ سیزن ہےاور بازار کا بھاؤ 74 روپے ہے— فوٹو: فائل

کرشنگ سیزن شروع ہونے یا حکومتی کوششوں کا ثمر ، اچھی خبر یہ ہے کہ کراچی کے ہول سیل بازارمیں چینی کی فی کلو قیمت 74 روپے ہوگئی ہے۔

کراچی کے ہول سیلز جوڑیا بازارمیں پہلے گنے کے کرشنگ سیزن میں فی کلو چینی 50 روپے کلو تھی، آج کل کرشنگ سیزن ہےاور بازار کا بھاؤ 74 روپے ہے۔

 خریداری کے لیے آئے ایک ریٹیل بازار کے دکاندار نے 500 کلو چینی 37 ہزار روپے میں خریدی ہے۔

کرشنگ سیزن سے پہلے قیمت کا بڑھنا اور شروع ہونے کے بعد گرنا عموماً ہوتا ہے۔ لیکن چینی کا رواں سال عمومی نہیں تھا۔ ہول سیل میں چینی 100 روپے سے بھی زیادہ تھی آج 74 روپےہوکر بھی گذشتہ سیزن سے 24 روپے کلو زیادہ ہے۔

قیمت درآمد سے کم ہوئی یا کرشنگ سیزن سے اس بات سے قطع نظر  توجہ اس نکتے پر ہے کہ کم ہونے کے باوجود ہول سیل بازارمیں پچھلے کرشنگ سیزن سے اب بھی چینی 50 فیصد مہنگی ہے۔

خیر حکومت قیمت کم ہونے پرخوش ہے، چینی بیچنے والا زندہ باد کہہ رہا ہے۔ چینی کی طلب 100 روپے پر کم نہیں ہوئی۔ 80 روپے ریٹیل پر تو کیا کم ہوگی۔

عوام غنیمت سمجھے کہ 115  روپے تک جانے والی چینی آج ریٹیل بازار میں 85 روپے پر آگئی ہے۔ اب چائے کی پیالی میں قیمت کی کڑواہت شاید کچھ کم محسوس ہو۔

مزید خبریں :