پاکستان
19 ستمبر ، 2012

حکومت نے آخر کار جج صاحبان کے خط لکھنے کا مطالبہ مان لیا،نیو یارک ٹائمز

 حکومت نے آخر کار جج صاحبان کے خط لکھنے کا مطالبہ مان لیا،نیو یارک ٹائمز

کراچی… محمد رفیق مانگٹ…امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ لکھتا ہے کہ حکومت پاکستان نے کئی ماہ کی قانونی محاذ آرائی کے بعد آخر کار جج صاحبان کی طرف سے خط لکھنے کے مطالبے کو مان ہی لیا اور سوئٹزرلینڈ حکام کو صدر آصف علی زرداری کے خلاف کرپشن الزامات کے بارے خط لکھنے پر اتفاق کر لیا ۔پاکستانی وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے عدالت کو بتایا کہ انہوں سے سوئس حکام کو خط لکھنے کے لیے وزیر قانون کو اختیار دے دیا ہے۔وزیر قانون فاروق ایچ نائیک سوئس حکام کو سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے اس خط کو واپس لینے سے متعلق لکھیں گے جس کے تحت آصف علی زرداری کے خلاف کارروائی روکی گئی۔ اس تعطل میں ممکنہ راستے کی تلاش کا فیصلہ وزیر اعظم کی طرف سے اس وقت کیا گیا جب سپریم کورٹ نے ابتر نازک جمہوری نظام کے خطرے سے خبردار کیا۔یہ حکومتی اقدام زرداری حکومت کے اس سے پہلے موقف کے بالکل برعکس دکھائی دیتا ہے جس میں انہوں نے سوئس حکام کو خط لکھنے سے انکا کردیا تھا،استغاثہ کی طرف سے صدارتی استثنی کے حوالہ دیا جاتا تھا۔اخبار کے مطابق کچھ تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ تنازع اسی وقت حل ہوگا جب دونوں فریق خط کی عبارت سے اتفاق کرلیں گے۔اخبار کے مطابق اگر خط لکھ دیا گیا تو یہ ضروری نہیں کہ آصف علی زرداری فوری پراسیکیوشن کا سامنا کریں گے۔سوئس حکام نے 12ملین ڈالر کے کک بیکس سے متعلقہ کیس دوبارہ کھولنے کے بہت کم اشارے دیے ہیں۔سوئس قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس میں کئی وجوہات ہیں جن میں ان کیسز کی قانونی مدت کا خاتمہ اور زرداری کے صدارتی استثنی شامل ہے۔نئے پراسیکوشن کے امکانات کم ہیں جس کیوجہ سے آصف علی زرداری عہدے پر برقرار رہیں گے۔اخبار کے مطابق حکومت کے اس نئے موقف نے مقامی میڈیا کو بھی حیران کردیا ہے،لیکن اس نئے حکومتی اقدام سے یہ ضرور ہوا کہ راجہ پرویز اشرف توہین عدالت کے الزام سے بچ گئے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے ان کی حکومت کو مزید وقت مل گیا۔

مزید خبریں :