پاکستان
19 ستمبر ، 2012

فرانس:گستاخانہ خاکو ں کی اشاعت،فرنچ سفارتخانوں کی سیکیورٹی میں اضافہ

کراچی… محمد رفیق مانگٹ…فرانسیسی جریدے Charlie Hebdo نے حضورﷺ کے گستاخانہ خاکے شائع کیے ہیں۔جسکے بعد فرانسیسی سفارت خانوں کے گرد سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔فرانس نے 20ممالک میں اپنے سفارت خانے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ان ممالک میں فرانسیسی قونصل خانے،ثقافتی مراکز اور اسکول بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔پاکستانی ہیکر گروپ نے میگزین کی ویب سائیٹ ہیک کر لی اور اس تک رسائی ناممکن بنا دی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق میگزین نے بدھ کو توہین آمیز خاکے شائع کیے جس سے اسلام مخالف فلم پر جاری مظاہروں میں شدت پید ا ہو گئی ہے۔پولیس نے میگزین کے دفتر پر سیکورٹی بڑھا دی ہے۔فنانشل ٹائمز لکھتا ہے کہ فرانسیسی حکومت کی طرف سے خاکوں کی طرف سرد مہری اختیار کی گئی ، مسلم آبادی کے لحاظ سے فرانس یورپ کا سب سے بڑا ملک ہے جہاں 50لاکھ مسلمان بستے ہیں،فرانسیسی حکومت کو شدید ردعمل کا خطرہ ہے۔ حکومت نے پہلے ہی اسلام مخا لف فلم کے خلاف احتجاج کی اجازت دینے سے انکا ر کردیا ہے۔ میگزین کی سائیٹ تک رسائی بند کردی گئی ۔نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے پاکستانی ہیکر گروپ’ پر و پاکستانی ‘ نے اس سائٹ کو ہیک کر لیا ہے اور اس سائیٹ کو بند کردیا ہے۔فرانس میں مسلمانوں کی سب سے بڑی مسلم نمائندہ کونسل نے اس فعل پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔فرانس میں یہودی کمیونٹی کے صدر ڈاکٹر رچرڈ پراسجوائر نے پیغبمر اسلام ﷺ خاکے شائع کرنے کی شدید مذمت کی ہے ،انہوں نے اسے غیر ذمہ دار فعل قرار دیا۔فرانسیسی وزیر خارجہ لارا فابیوس نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی انتظامات کا اعلان کیا ہے ۔فرانس کے وزیر اعظم جین مارک ایرالٹ کا کہنا ہے کہ جس کسی کو بھی ان خاکو کی اشاعت سے ٹھیس پہنچی وہ معاملہ عدالت میں لے جا سکتا ہے۔تاہم انہوں نے آزادی تقریر پر زور دیا۔اسی میگزین نے گزشتہ سال نومبر میں اسلام مخالف ایڈیشن شائع کیا جس پر اس کے آفس پر بم حملہ کیا گیا بلکہ اس کی ویب سائیٹ بھی ہیک کر لی گئی تھی۔ 2005میں ڈنمارک میں شان رسالت کے توہین آمیز خاکے شائع کئے گئے جس کے ردعمل میں50افراد ہلا ک ہوئے۔جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں اسلام مخالف فلم کے احتجاجی مظاہروں میں30افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں لیبیا میں امریکی سفیر کرسٹو فر بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :