19 ستمبر ، 2012
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومت کی جانب سے گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف جمعہ 21ستمبر کو ملک بھر میں ”یوم عشق رسول ﷺ“ منانے اور اس دن عام تعطیل کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ نبی کریم ﷺکو دنیا بھر میں ایک عظیم ہستی تسلیم کیا جاتا ہے لیکن ایک گھناؤنی سازش کے تحت نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کاعمل کیا گیا ۔ گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف قائد تحریک الطاف حسین نے سب سے پہلے مذمتی بیان جاری کیا تھا اور ایم کیو ایم سمجھتی ہے کہ اس گستاخانہ امریکی فلم کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے گئے ہیں ۔ اس شرمناک اور نفرت انگیز عمل سے بین المذاہب رواداری کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ عاشقان رسول ﷺ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے حکومت اور تاجر برادری نے جمعہ کو ملک بھر میں یوم عشق رسول ﷺ منانے کا جو اعلان کیا ہے اس کی متحدہ قومی موومنٹ بھرپور حمایت کرتی ہے۔