21 ستمبر ، 2012
کراچی … گستاخانہ امریکی فلم کیخلاف مظاہروں نے پرتشدد رخ اختیار کرلیا ، کراچی میں فائرنگ اور پولیس سے جھڑپوں میں 12 افراد ہلاک اور 110 سے زائد زخمی ہوگئے، مشتعل مظاہرین نے سنیما، بینک، نجی و سرکاری عمارتوں، پولیس موبائل سمیت متعدد گاڑیوں اور دیگر املاک کو نذر آتش کردیا جبکہ بعض مقامات پر لوٹ مار بھی کی گئی ہے، آگ بجھانے کیلئے جانے والی فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں پر حملوں میں 5 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوگئے ۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے گستاخانہ امریکی فلم کیخلاف بھرپور احتجاج کیا گیا کئی جماعتوں کی ریلیاں ایم اے جناح روڈ سے گزرنے کے بعد بعض مقامات پر مظاہرے پرتشدد رخ اختیار کرگئے، فائرنگ اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں ایک اہلکار سمیت 12 افراد ہلاک اور 110 زخمی ہوگئے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق مظاہروں میں ہلاک ہونے والے 6 افراد کی لاشیں اور 70 زخمی جناح اسپتال لائے گئے جبکہ ایم ایل او سول اسپتال کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار سمیت 6 لاشیں اور 40 زخمی سول اسپتال منتقل کئے گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق مشتعل افراد کے حملے میں فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں تباہ اور 5 فائر فائٹر زخمی ہوگئے ہیں جبکہ کراچی میں کسی بھی مقام پر فائر بریگیڈ کاعملہ آگ بجھانے نہیں پہنچ سکا۔ اس سے قبل پی آئی ڈی سی، صدر، ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف علاقوں میں مشتعل افراد کی جانب سے احتجاج کی آڑ میں جلاوٴ گھیراوٴ کیا گیا، 5 سنیماوٴں، متعدد بینکوں، سرکاری و نجی عمارتوں، پولیس موبائلوں ، چوکیوں سمیت کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی گئی۔ گستاخانہ امریکی فلم کیخلاف کراچی میں احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے، پولیس کی جانب سے ایم اے جناح روڈ پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی گئی جس کے بعد مشتعل افراد پیچھے ہٹنا شروع ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی ڈی سی پر مشتعل مظاہرین کی جانب سے احتجاج کی آڑ میں لوٹ مار اور جلاوٴ گھیراوٴ کیا گیا، مشتعل افراد نے پی آئی ڈی سی پر متعدد بینکوں سمیت کئی سرکاری و نجی عمارتوں میں توڑ پھوڑ کے بعد لوٹ مار کی۔ ٹاور، ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں مشتعل مظاہرین نے 5 سنیماوٴں، متعدد بینکوں ، سرکاری و نجی عمارتوں، پولیس موبائلوں، چوکیوں اور کئی گاڑیوں کو آگ لگادی۔ مشتعل مظاہرین پی آئی ڈی سی سے امریکی قونصل خانے کی جانب روانہ ہوئے جبکہ وزیراعلیٰ ہاوٴس کے سامنے 3 پولیس موبائلوں کو آگ لگادی گئی جس کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ جیو نیوز کے نمائندہ کامران رضی کے مطابق بڑی تعداد میں مشتعل افراد نے پی آئی ڈی سی پر پولیس چوکی کو بھی آگ لگادی، فائیو اسٹار ہوٹل کے شاپنگ ایریا میں بھی توڑ پھوڑکی گئی۔