21 ستمبر ، 2012
کراچی…متحدہ بین المسلمین فورم کے سینئرنائب صدر علامہ عباس کمیلی نے کہا ہے کہ رسول کے بارے میں گستاخانہ فلم کے خلاف تمام مسلم امہ ایک ہوچکی ہے ، مسلم امہ کے نام پر پیدا کی گئی تمام فرقہ بندیاں اور تفرقے ختم ہوچکے ہیں اور آج کوئی شیعہ ، سنی ، بریلوی ، دیو بندی نہیں بلکہ سب غلام رسول ﷺ ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کی شام کراچی پریس کلب پر شان رسول ﷺ کے خلاف بنائی جانے والی گستاخانہ فلم کے خلاف متحدہ بین المسلمین فورم کے زیراہتمام منعقدہ ایک بڑے اور پرامن احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب ،متحدہ بین المسلمین فورم کے نائب صدر مولانا اسد دیو بندی ، سیکریٹری جنرل مولانا شاہ فیروز الدین رحمانی ،سمیع الحق گروپ کے جنرل سیکریٹری مولانا اسد تھانوی ، حق پرست صوبائی وزیر عبدالحسیب اور بشپ آف کراچی صادق ڈینیل نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ، حق پرست صوبائی وزیر شیخ محمد افضل کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام علامہ سید اظہر حسین نقوی ، علامہ مرتضی رحمانی ، مولانا حکیم ناصر بیگ ، مولانامجبتیٰ تھانوی ، علامہ حمزہ تھانوی ، علامہ اطہر مشہدی ، سلسلہ عظیمیہ کے ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی ، علامہ سید باقر حسین زیدی ، مولانا محمد شمیم خان ، مولانا بشیر الحق تھانوی موجود تھے ۔ احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی جن میں خواتین کے علاوہ ہندو ، کرسچن ، عیسائی اور سکھ کمیونٹی کے افراد بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر گستاخانہ فلم کے خلاف نعرے اور مطالبات درج تھے ۔ علامہ عباس کمیلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن یہ عہد کیا جائے کہ دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور سب ملکر فرقہ بندی اور دہشت گردی کو اپنے درمیان سے ختم کردیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ گستاخانہ فلم بڑی سازش ہے اور اس سازش کے ذریعے مسلمانوں کو عیسائیوں سے لڑانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوا م متحدہ میں گستاخانہ فلم کے خلاف پرزور اور سخت احتجاج کریں ۔ متحدہ بین المسلمین کے نائب صدر مولانا سددیو بندی نے کہا کہ سرکار دو عالم ﷺ سے محبت مسلمان کا ایمان ہے یہ محبت نہ ہو تو ایما ن بھی مکمل نہیں ہوتا ہے ، آج رسول اکرم ﷺ کی تعظیم اورتکریم کا مقدس جذبہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ سمیع الحق گروپ کے جنرل سیکریٹری مولانا اسد تھانوی نے کہا کہ آپ ﷺ کی ذات مومنین کیلئے انتہائی قیمتی ہے اور شرمناک فلم بنانے والا کسی رعایت کا مستحق نہیں ہے ۔رکن رابطہ کمیٹی وسیم آفتاب نے کہا کہ ہم سب کیلئے سب سے اہم اور قابل فخر بات یہ ہوگی کہ ہمارا خون ناموس رسالت ﷺ کے جلنے والے دیئے میں کام آسکے ۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطا ف حسین نے سب سے پہلے ناموس رسالت ,ﷺ پر آواز احتجاج بلند کی اور امریکی صدراور اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کو اس فلم کے خلاف ٹیلیگرام بھیجے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں توہین رسالت ﷺ پر احتجاج کو پرامن رکھنا ہے اور دنیا کی مہذب قوم بن کر ابھرنا ہے تب ہی مسلم امہ کا سر فخر سے بلند ہوگا ۔ صوبائی وزیر عبد الحسیب نے کہاکہ نبی اکرم ﷺ کسی ایک علاقے ، کسی ایک قوم اور زمانے کیلئے نہیں بلکہ تمام عالمین کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں ، اسلام عالمگیر مذہب ہے اور اس کا پیغام انسانیت کیلئے ہے اور تمام انسانیت پر نبی اکرم ﷺ کا احسان عظیم ہے کہ انہو ں نے انسانوں کو انسان بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ توہین رسالت ﷺ کے احتجاجی اور پرامن مظاہرے میں غیر مسلم بھی شریک ہیں اور گستاخ ِ رسول ﷺ کیلئے سزا کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین نے سب سے پہلے گستاخانہ فلم پر آواز احتجاج بلند کرکے نبی اکرم ﷺ کی غلامی کا حق ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ بین المسلمین فورم کے زیر اہتمام جو مظاہرہ ہوا ہے وہ پورے پاکستان میں سب سے بڑامنظم مظاہرہ ہے ، یہاں نہ تو جلاؤ گھیراؤ کیا گیا اور نہ ہی توڑ پھوڑ کی گئی ہے اور متحد و منظم مظاہرہ کرکے عالمی دنیا کو پیغام دیا گیا ہے ۔ بشپ آف کراچی صادق ڈینیل نے کہا کہ گستاخ رسول نے سازش کرکے امن انسانیت کو تباہ کرنے کی سازش ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گستاخ رسول کو سزا ملنی چاہئے تاکہ آئندہ کوئی کسی بھی مذہب کے مذہبی جذبات سے کھیلنے کی کوشش نہ کرسکے ۔ متحدہ بین المسلمین فورم کے رابطہ سیکریٹری مولانا شاہ فیروز الدین رحمانی نے کہاکہ ہر جانب گستاخی رسول ﷺ پر احتجاج ہورہا ہے ہم بھی اس میں پرامن طور پر شریک ہیں ۔