Time 25 جنوری ، 2021
پاکستان

سندھ حکومت نے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس کی مخالفت کردی

سندھ حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کے صدارتی ریفرنس کی مخالفت کردی۔

حکومت سندھ نے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس پرجواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں سندھ حکومت نے مؤقف اختیارکیاہے کہ صدارتی ریفرنس سیاسی مصلحت پردائر کیا گیا، ریفرنس میں کوئی قانونی سوال نہیں اٹھایاگیا لہٰذا سپریم کورٹ صدارتی ریفرنس پر رائے دینے سے انکار کردے۔

سندھ حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن آئین کے تحت ہوتا ہے اور صدارتی ریفرنس میں سیاسی، سماجی اور اخلاقی اقدار سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں جن کا آئین سے کوئی واسطہ نہیں، الیکشن ایکٹ 2017 میں صرف سینیٹ انتخابات کا طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔

سندھ حکومت نے جواب میں کہاہے کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق قانون سازی پارلیمان میں ہونی چاہیے، سینیٹ سمیت آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت ہونے والے تمام الیکشنز خفیہ رائےشماری سے ہوتے ہیں لہٰذا صدارتی ریفرنس خارج کیا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں نے  سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کے صدارتی ریفرنس کی حمایت کی ہے۔

مزید خبریں :