27 جنوری ، 2021
وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ کیلئے درکار آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق آئینی ترمیم لانے کیلئے وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے ترمیم کیلئے قانونی ٹیم کو بل تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم اورکابینہ کی ہدایت کے بعد قانونی ٹیم نے بل کی تیاری پرکام شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی اصولی منظوری کے بعد وزیراعظم نے اراکین اسمبلی کو بھی اعتماد میں لے لیا۔
سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آئے، پارلیمنٹ کے موجودہ یا آئندہ اجلاس میں آئینی ترمیم لائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے حکومت اپوزیشن سے بھی بات کرے گی جبکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ سینیٹ کی اوپن ووٹنگ پر میثاق جمہوریت میں اتفاق کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کررکھا ہے جس کی سندھ حکومت نے مخالفت کی ہے جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان نے حمایت کی ہے۔