23 ستمبر ، 2012
کراچی…وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ توہین رسالت کو عالمی سطح پر جرم قرار دیا جائے۔ یوم عشق رسول پر دنیا کو جو پیغام دینا چاہتے تھے چند شرپسندوں کی وجہ سے وہ پیغام نہ جاسکا، اقوام متحدہ ایسی قانون سازی کرے کہ گستاخی رسول کو جرم قرار دیاجائے، صدر مملکت آصف علی زرداری اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں بھی اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وزیر اعلی ہاوٴس میں سانحہ بلدیہ ٹاون کے متاثرین میں چار، چار لاکھ روپے کے امدا دی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یوم عشق رسول منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ ہم چاہے کسی بھی فرقے اور جماعت سے تعلق رکھتے ہوں ہم رسول سے محبت کرتے ہیں اور گستاٰخی رسول کسی بھی صورت قبول نہیں اور اس حوالے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کراناتھا لیکن چند شرپسند عناصر کی وجہ سے دنیا کو وہ پیغام نہ جا سکا جو ہم اس احتجاج سے دینا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کل کے احتجا ج کے دوران انسانی جانوں کے ضیاع، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے سے مجھے دکھ ہوا اور اس طر ح کے احتجاج پاکستان سے دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام مکاتب فکر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کا احتجاج کریں کہ دنیا کو پیغام جائے کہ ہم پر امن لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یو ٹیوب کو بند کیا ہے، امریکی سفیر کو طلب کیا ہے اور اب اس معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھائیں گے، او آئی سی اور دیگر سفارتکاروں سے رابطے میں ہیں کہ اقوام متحدہ اس طر ح کہ قوانین بنائے کہ گستاخی کے مرتکب افراد کو سزا دی جاسکیں۔