04 فروری ، 2021
قومی اسمبلی میں دوسرے روز بھی احتجاج، نعرے بازی اور شورشرابا جاری رہا۔
اپوزیشن ارکان پلے کارڈز لے آئے ،نعرےلگائے ، ایوان میں ڈیسک اورسیٹیاں بجاتے رہے، وفاقی وزیر فواد چوہدری وڈیو بناتے رہے۔
اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف بولے کہ آئینی ترمیم میں ہم نہیں ، آپ خود بے نقاب ہورہے ہیں، ہم بجلی 4 روپے یونٹ دیتے تھے تم 26 روپے یونٹ دے رہے ہو، شرم کرو۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے وفاقی وزراء پر کرارے جوابی وار کیے ۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہاں وہ راجہ رینٹل ہیں، مگر یہ لوگ کون ہیں ؟ جھوٹے اور مکار لوگ، جولوٹا ہے وہ بات کرنے کے قابل ہی نہیں ہے، شرم کرو اگر شرم بازار سے ملتی تو انہیں لاکر دے دیتے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے مانا کہ ترمیم کے نمبرز نہیں ہیں، صرف اپوزیشن کو بے نقاب کرنا چاہتے ہیں، یہ ترمیم کرنا ہی نہیں چاہتے کیونکہ انہوں نے ایڈوانس پیسے پکڑ لیے ہیں۔
پیپلزپارٹی کی شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنی کارکردگی سے ثابت کردیا کہ وہ سلیکٹڈ ہے۔