26 فروری ، 2021
فیصل آباد: غیرت کے نام پر دیور نے فائرنگ کرکے بھابھی کو زخمی اور اپنے گھر میں آنے والے پڑوسی کو قتل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ گھڑتل گاؤں میں پیش آیا جہاں آصف نامی نوجوان نے غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے اپنے پڑوسی سفیان کو قتل جب کہ اپنی بھابھی کو شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے زخمی ہونے والی خاتون کو الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا جب کہ پولیس نے مقتول کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال جھمرہ منتقل کر دیا۔
علاوہ ازیں پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے اور فرار ہونے والے ملزم محمد آصف کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی۔