30 ستمبر ، 2012
کولمبو … سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ میں سنبھل کر کھیلنا ہوگا، فیورٹ پاکستان ہی نظر آرہا ہے، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ اور بڑا اسکور کریں، وہ جیو نیوز کے سیگمنٹ سوئنگ کے سلطان میں بات کر رہے تھے۔ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے ہرمیچ میں پریشر ہوتا ہے، پاکستان کو آج کے میچ کے پریشر کو انجوائے کرنا چاہئے، آج کھلاڑی فائٹ کریں ہاریں یا جیتیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی کھلے دل سے کھیلیں، آج کھلاڑیوں کو پورے آرٹ کے ساتھ کھیلنا ہوگا، پاکستان کو ہدف کا تعاقب کرنے میں مشکل ہوسکتی ہے، پاکستانی قوم کو چاہئے کہ آج کے میچ کیلئے ٹیم کو سپورٹ کرے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ قوم کو دعاکرنی چاہئے کہ ہم ٹاس جیت جائیں، آج ٹاس جیتنا بہت اہم ہے، پاکستان کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنی چاہئے، شاہد آفریدی کو اسکور کرنے کی ضرورت ہے۔