05 اپریل ، 2021
کراچی: ماڈل کورٹ نے 11 سال پرانا قتل کا مقدمہ نمٹاتے ہوئے مرکزی ملزم کو سزائے موت سنا دی اور جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
ڈکیتی کے دوران دکاندار کو قتل کرنے اور مزاحمت کرنے والے شخص کو زخمی کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ماڈل ٹرائل کورٹ ایسٹ میں ہوئی۔
عدالت نے 11 سال بعد قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم سمیر کو پھانسی کی سزا سنا دی اور ڈکیتی کے دوران قتل کے جرم میں 10 سال قید کی سزا بھی سنائی، جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزم پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
ماڈل کورٹ نے ملزم پر مدعی مقدمہ کو زخمی کرنے پر 7 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا جبکہ کیس میں شریک ملزم مبین کو عدم شواہد کی بناء پر بری کر دیا۔
خیال رہے کہ ملزمان نے 2010 میں بلال کالونی میں کباڑ کی دکان پر ڈکیتی کی تھی۔
پولیس کے مطابق دوران ڈکیتی ملزمان کی فائرنگ سے دکانداراعجاز جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ ملزمان کو پکڑنے کی کوشش میں مدعی سجاد زخمی ہو گیا تھا، ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں درج کیا گیا تھا۔