پاکستان
02 اکتوبر ، 2012

صدر نے قومی اسمبلی کا اجلاس5اکتوبر کو طلب کر لیا

صدر نے قومی اسمبلی کا اجلاس5اکتوبر کو طلب کر لیا

اسلام آباد… صدر آصف زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس 5اکتوبر کی صبح 10 بجے طلب کر لیا ہے۔اجلاس شیڈول سے ایک ہفتہ پہلے بلائے جانے پر سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ پارلیمانی کیلنڈر کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 12اکتوبر کو شروع ہونا تھا تاہم ایک ہفتہ قبل اچانک طلب کر لیا گیا ہے۔ این آر او فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کی مہلت بھی 5 اکتوبرکو ختم ہو رہی ہے اور اسی دن اجلاس طلب کرنے کے باعث سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور وزارت پارلیمانی امور کے حکام نے جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر کہا کہ اجلاس کی شیڈول سے ہٹ کر طلبی غیر معمولی نہیں ، گزشتہ اجلاس شیڈول سے دو دن پہلے ختم ہوا تھا ، پارلیمانی ایام پورے کرنے کے لیے اجلاس ایک ہفتہ قبل بلایا گیا ہے تاکہ عید الاضحیٰ کے باعث اجلاس مختصر نہ ہو۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کا فی الحال معمول کا ایجنڈا ہے اور کوئی اہم قانون سازی بھی موٴخر نہیں۔دْہری شہریت کا بل بھی اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث ایوان میں پیش نہیں کیا جا سکتا۔ اپوزیشن نے اس اجلاس میں بلوچستان بارے تمام سیاسی جماعتوں کی کمیٹی قائم کرنے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کرنے کی قراردادیں پیش کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔

مزید خبریں :