13 فروری ، 2012
لاہور… مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک و قوم کا تماشہ لگادیا اور اتحادیوں کو بھی سوچنا چاہیے کہ کیا وہ بھی نہیں چاہتے ملک و قوم کا پیسہ واپس آیئے۔ سندھ نیشنل فرنٹ کے رہنما ممتاز بھٹو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کوبھی سوچناچاہیے کہ وہ کیاکررہے ہیں، اتحادی بھی خط نہ لکھنے کی حمایت کررہے ہیں جونامناسب بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام حکومت نے خودغلط کیااورالزام سپریم کورٹ پرلگایاجارہاہے، سوئس بینکوں کاپیساہرصورت واپس آناچاہیے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کاخط لکھنے کاحکم جائزہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سوئس بینک سے پیساواپس لانے سے کیوں کترارہی ہے، خط لکھاجائیگاتوسوئس بینکوں سے پیسے واپس آئینگے۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک کاپیسا سوئس بینک میں پہنچادیاجائے توعوام واپسی کامطالبہ توکرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو دہرا معیار قائم نہیں کرنا چاہیے۔ بعض سیاستداں تبدیلی کا نعرہ لگا کر اسٹیسس کو کے لوگوں کو اپنے گرد جمع کررہے ہیں۔ استثنیٰ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ استثنا والامعاملہ مجھ جیسابھی نہیں سمجھتاکہ یہ کس بلا کانام ہے، استثناکے پیچھے چھپنے کے بجائے قوم کاپیساواپس لایاجائے۔سیاسی شہادت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپشن میں شہیدہونا ہے توحکومت کی مرضی ہے۔ میمو گیٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میرا پہلے دن سے موٴقف ایک ہی ہے، دوسرے لوگ بھی اپنی ذمہ داری ادا کریں۔