14 فروری ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے کہا ہے کہ امریکیوں کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتے ، بلوچستان کے بارے میں امریکی کانگریس کی خارجہ امورکمیٹی میں بحث کے خلاف ایوان میں قرارداد مذمت پیش کی جانی چاہئے۔ چوہدری نثارنے قومی اسمبلی میں تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کانگریس کمیٹی کے خلاف قرار داد مذمت پیش کرنے کے لیے ایوان کی کارروائی معطل کی جائے، جب اکبر بگٹی کو قتل اور لال مسجد کی بچیوں پر بم پھینکے گئے تو امریکی کانگریس کیوں خاموش تھی؟ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے اور امریکی ڈرون جوبے گناہوں کو ہلاک کر رہے ہیں ، اس پر امریکی کانگریس کیوں خاموش رہی ؟ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتے ، حکومت کو بلوچستان کے مسئلے پر بات اور بلوچوں کی شکایات دورکرنا ہوں گی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے سپریم کورٹ کے بجائے پارلیمنٹ کو کردار ادا کرنا چاہئے تھا۔