اسحاق ڈار بتائیں کیا موٹروے اور کراچی ائیرپورٹ گروی نہیں رکھوایا تھا؟ فرخ حبیب

بریک فیل گاڑی سے اسحاق ڈار چھلانگ مار کر اترگئے، ہم اس گاڑی کو روک رہے ہیں، وزیر مملکت برائے اطلاعات— فوٹو:فائل

وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کےساتھ بہتر حالات میں گفتگو کر رہے ہیں لیکن یہاں کہاجا رہا ہے آئی ایم ایف پروگرام منجمد ہو چکا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ بتائیں وہ آئی ایم ایف کے پاس کیوں گئے تھے، آج ان کے لیے گئے قرضوں کے سبب تین ہزار ارب سود کی مد میں ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے تمام ٹارگٹ حاصل کیے، ہم ان کی طرح نہیں کہ جو پرچہ آئے مان لیا جائے، اس جی ڈی پی کیلئے عمران خان کی تین سال کی محنت ہے، آپ کے دور میں وزیر اعظم ہاؤس کا بجٹ ایک ارب سے زائد تھا، وزیر اعظم نے دو کروڑ روپے کی بچت کی ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم عمران خان جانتے ہیں چالیس فیصد عوام خط غربت سے نیچے ہے، تعصب کی عینک اتاریں، پتہ چلے گا کہ کسان خوشحال ہوا ہے، آج کسان سے ڈھائی سے 300 روپے من گنا خریدا جا رہا ہے، اس ملک کو ایک ہی شخص ٹھیک کررہا ہے جس کا نام عمران خان ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں کریڈٹ کارڈ گروتھ تھی، سکوک بانڈ پرتنقید کرنے والے بتائیں کہ سکوک بانڈز انہوں نے نہیں جاری کیے؟ اسحاق ڈار بتائیں کہ موٹروے اور جناح انٹرنیشنل کو انہوں نے گروی نہیں رکھوایا تھا؟ عمران خان کا قوم سے وعدہ ہے کہ میں نہیں جھکوں گا نا قوم کو جھکنے دوں گا۔

ان کا کہنا تھاکہ بریک فیل گاڑی سے اسحاق ڈار چھلانگ مار کر اترگئے، ہم اس گاڑی کو روک رہے ہیں۔

سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھاکہ سندھ حکومت سو ارب روپے کی اسکیمیں بھی مکمل نہیں کرپائی، وفاق سے ملنے والا پیسہ بیرون ملک نا بھیجو، عوام پر خرچ کرو۔ 

مزید خبریں :