09 اکتوبر ، 2012
اسلام آباد …بوسنیا کے صدر باقر عزت بیگوچ نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔دونوں رہنماوٴں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ بوسنیا کے صدر باقر عزت بیگوچ ایوان صدر اسلام آباد پہنچے تو صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر مسلح افواج کے سربراہان،وفاقی وزراء اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔بوسنیا کے صدر کو مسلح افواج کے دستے نے سلامی پیش کی۔بعد میں بوسنیا کے صدر باقر عزت بیگوچ نے صدر آصف زرداری سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر صدر زرداری نے پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے دورے کو دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔دونوں رہنماوٴں نے دفاع اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ پاک بوسنیا دو طرفہ تجارت کا حجم بڑھانے کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔