Time 28 جون ، 2021
پاکستان

پاکستان کو ڈس انفارمیشن کی صورت میں لڑائی کا سامنا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہےکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی لیکن اب ڈس انفارمیشن کی صورت میں لڑائی کا سامنا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ اپوزیشن ہمیں آزادی اظہار کے بھاشن نہ دے ، چھوٹے چھوٹے مفادات کیلئے انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ اور دشمن کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے اخبارات میں آزادی اظہار پر مضامین کے ہرلفظ کی قیمت دی جاتی ہے، پاکستان کے مفاد سے جڑے معاملات پر اپوزیشن اور حکومت میں اتفاق رائے ہونا چاہیے۔

 ان کا کہنا تھاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، اب ڈس انفارمیشن کی صورت میں لڑائی کا سامنا ہے، کالعدم تنظیم کی کارروائیوں کو بھارتی شہر سے لاکھوں بار ٹوئٹ کیاگیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ گزشتہ دنوں ڈس انفولیب پکڑی گئی جو پاکستان سے متعلق جعلی منفی خبریں پھیلاتی تھی۔

انہوں نے مریم اورنگزیب پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مریم اورنگزیب میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس کی فیک نیوز پر مہم چلانے پر معافی مانگیں۔

ان کا کہنا تھاکہ صحافیوں پر سب سے زیادہ حملے پیپلزپارٹی کے دور میں ہوئے،  شازیہ مری بتائیں عزیز میمن اور اجے للوانی کے قاتل کون ہیں؟ صحافیوں کو تاریخی سہولت دینا چاہتے ہیں لیکن پچھلی حکومتوں نے مسلسل وزارت اطلاعات کے اداروں کو اپنے ووٹرز کو نوکریاں دینے کیلئے استعمال کیا۔

مزید خبریں :