14 فروری ، 2012
اسلام آباد…وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کابینہ نے ضمنی انتخابات والے28اراکین کاانتخاب جائزقراردینے کی منظوری دیدی ہے ، الیکشن کمیشن کے اراکین 5 سال کے لیے ہوں گے،نگراں وزیراعظم اورکابینہ اراکین کے نام اپوزیشن سے مل کرصدرکوبھیجیں گے۔ اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 219،214،215،218،224 اور 224 اے میں بھی ترامیم کی منظوری دی گئی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ اگر نگران وزیراعظم اور کابینہ کے لئے اتفاق نہیں ہو پاتا تو اسپیکر کمیٹی بنائیں گی، اگر اسپیکر کی بنائی ہوئی کمیٹی بھی متفق نہ ہوئی تو الیکشن کمیشن حتمی فیصلے کرے گا، وزیراطلاعات سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ نے20 ویں ترمیم میں سپریم کورٹ کی مداخلت کا راستہ بند کر دیا ہے ؟ اس پر وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام چور دروازے بند کر دیئے گئے ہیں تاہم انہونی کہیں بھی اور کسی بھی وقت ہو سکتی ہے ، قانون ہو یا نہ ہو اس کا امکان ہمیشہ رہتا ہے، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزارت کامرس اینڈ انڈسٹری کی بھارت کے ساتھ تجارتی بارے منفی فہرست کی سمری کو موخر کر دیا گیا ہے ، وزیراعظم نے جلد بازی میں سمری بجھوانے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو اعتماد میں لے کر دوبارہ سمری بجھوائی جائے۔