14 فروری ، 2012
کراچی…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے حیدرآباد شہر میں یونیورسٹی اور ایک میڈیکل کالج کی ابتدائی منظوری دے دی ہے یونیورسٹی کا نام محمد علی جناح یونیورسٹی حیدرآباد ہوگا،انہوں نے قانون ، تعلیم اور صحت کے سیکریٹریز کو اس ضمن میں جلد از جلد ضابطے کی کاروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر زبیر احمد نے گورنر کو حیدرآباد میں اعلیٰ تعلیم کی عدم دستیابی کے حوالے سے بتایا اور شہر میں یونیورسٹی کا قیام کے لئے دستیاب وسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا آج جبکہ دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے کام ہورہا ہے، 26 لاکھ آبادی کا پاکستان کا بڑا شہر حیدرآباد یونیورسٹی کی سہولت سے محروم ہے۔ اس موقع پر حیدرآباد شہر میں میڈیکل کالج کے قیام کے بارے میں بھی غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر صغیر احمد اور ڈاکٹر نوشاد شیخ نے اس بارے میں تفصیلات سے آگا ہ کیا۔گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ایچ ڈی اے کی جانب سے ایجوکیشن سٹی کے قیام کے منصوبے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے محمد علی جناح یونیورسٹی حیدرآباد کے لئے پانچ سو ایکڑ زمین مختص کرنے کی ہدایت کی قانون سازی مکمل ہونے کے بعد یونیورسٹی عارضی طور پر کمپری ھینسیو اسکول لطیف آباد نمبر دس میں کام شروع کردے گی جبکہ کوھسار میں میڈیکل کالج کے منصوبے پر بھی اس ہی سال کے سالانہ ترقیاتی منصوبے کے تحت کام شروع کردیا جائے گا۔ گورنر نے اس ضمن میں کمشنر اور ڈی جی ایچ ڈی اے کو ضروری ہدایات بھی دیں۔