14 فروری ، 2012
اسلام آباد…رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 39.7فیصد اضافے کے ساتھ 13ارب سترہ کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔پاکستان ادارہ برائے شماریات کے اعداووشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستان نے جولائی سے جنوری تک 13ارب15کروڑ ڈالر کی برآمدات کیں جبکہ اس عرصے میں درآمدات 26ارب 32کروڑ ڈالر رہیں۔ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران برآمدات میں صفر اعشاریہ دو پانچ فیصد جبکہ درآمدات میں 16اعشاریہ سات فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کا تجارتی خسارہ جو گزشتہ سال جولائی سے جنوری تک 9ارب 42 کروڑ ڈالر تھا رواں مالی سال اسی عرصے میں 13ارب 17کروڑ دالر تک پہنچ گیا۔جنوری دوہزار بارہ میں جنوری دوہزار گیارہ کے مقابلے میں برآمدات 15اعشاریہ تین چار فیصد گر گئیں جو ایک ارب 75کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ اسی عرصے میں درآمدات میں پانچ اعشاریہ نو پانچ فیصد اضافہ ہوا جو تین ارب28کروڑ ڈالر ریکار ڈ کی گئیں۔