Time 01 اکتوبر ، 2021
کھیل

ہاکی فیڈریشن کا بھارت میں ہونیوالے جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے حکومت کو خط

این او سی کے لیے حکومت کو لکھ دیا ہے لہٰذا جو فیصلہ حکومت کرے گی اس پر عمل کریں گے: آصف باجوہ/ فوٹو جونیوز
این او سی کے لیے حکومت کو لکھ دیا ہے لہٰذا جو فیصلہ حکومت کرے گی اس پر عمل کریں گے: آصف باجوہ/ فوٹو جونیوز

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بھارت میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے حکومت کو خط لکھ دیا۔

پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کیا ہوا ہے، اس موقع سے فائدہ اٹھانا اور جونیئر ورلڈکپ میں شرکت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این او سی کے لیے حکومت کو لکھ دیا ہے لہٰذا جو فیصلہ حکومت کرے گی اس پر عمل کریں گے۔

آصف باجوہ کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں کہ جونیئر ورلڈکپ کھیلیں تاکہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیوں کے اظہار کا موقع ملے، گزشتہ ورلڈکپ نہیں کھیل سکے تھے ، اس لیے یہ موقع ضائع نہیں کرنا چاہتے، اگر چہ ہمارے میزبان ملک کے ساتھ سفارتی تعلقات اچھے نہیں لیکن شرکت کی اجازت دینا حکومتی فیصلے سے مشروط ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ایف کو 23 ستمبر کو ایف آئی ایف کی جانب سے جونیئر ورلڈکپ سے متعلقہ 2 ای میل موصول ہوئیں، پہلی ای میل کے ذریعے ایونٹ کے مقام اور انعقاد کی تصدیق کی گئی جب کہ دوسری ای میل میں بتایا گیا کہ 24ستمبر  بھارتی ویزاکی  درخواست کے لیے آخری تاریخ ہے لیکن اس ڈیڈ لائن تک درخواستیں جمع کرنا ممکن نہیں تھا ، 10 روز کی مہلت مانگی گئی جو زبانی طور پر دی گئ ۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارت  کی جانب سے 18 ستمبر کو ای میل بھیجنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جو درست نہیں، بھارتی ہاکی فیڈریشن ذمے داری کا مظاہرہ نہیں کر رہی لیکن ہم اسے سازش قرار نہیں دیں گے، ویزا درخواستوں کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، ہم نے صورتحال سے انٹر نیشنل اور ایشین ہاکی فیڈریشن کو آگاہ کر دیا ہے،امید ہے کہ ویزوں کے حوالے سے ہماری مکمل معاونت کی جائے گی اور کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :