Time 07 اکتوبر ، 2021
کاروبار

ای سی سی نے ٹماٹر اور پیاز کی برآمد پر پابندی لگانےکا اختیار وزیر خزانہ کو دے دیا

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ٹماٹر  اور  پیاز کی برآمد پر پابندی لگانےکا اختیار وزیر خزانہ کو دے دیا ۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ای سی سی نے ٹماٹر اور پیاز کی برآمد پر پابندی لگانےکا اختیار وزیر خزانہ کو دے دیا، وزیر خزانہ پیداوار اور طلب کا جائزہ لےکر اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیشنل ریمٹینس لائیلٹی پروگرام کی منظوری بھی دے دی ، جس کے تحت بیرونِ ملک سے زر مبادلہ بھجوانے والوں کو پوائنٹس کی بنیاد پر پی آئی اے ٹکٹ، موبائل سیٹ اور دوسرے انعامات دیے جائیں گے ۔

ای سی سی نے  یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے لیے دو لاکھ اسی ہزار ٹن گندم کی فراہمی جاری رکھنے کی منظوری  بھی دے دی، کپاس کی قیمتوں کے تعین کے لیے حکومت فی الحال کوئی مداخلت نہیں کرےگی، کمیٹی کو بتایا گیا کہ کاشت کار کو حکومت کی مقرر کردہ قیمت سے زیادہ قیمت وصول ہو رہی ہے۔

 آزاد جموں و کشمیر کے لیے  تین لاکھ ٹن گندم کی فراہمی جاری رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔

ای او بی آئی کے لیے بجٹ سفارشات  کی منظوری بھی  دے دی گئی،  آئندہ سے ای او بی آئی بورڈ خود منظور کرےگا۔

اجلاس میں  مقامی سطح پر بننے والی کورونا کی تشخیص کی مشینوں پر ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ دینے کا فیصلہ مؤخرکردیا گیا۔