Time 25 اکتوبر ، 2021
پاکستان

ممنوعہ سامان کراچی اسمگل کرتے ہوئے ایمبولنس پکڑی گئی، دو ملزمان گرفتار

پکڑی گئی ایمبولینس اور ملزمان کا ان کے ادارے سے تعلق نہیں، ترجمان چھیپا— فوٹو:فائل
 پکڑی گئی ایمبولینس اور ملزمان کا ان کے ادارے سے تعلق نہیں، ترجمان چھیپا— فوٹو:فائل

بلوچستان کے راستے ممنوعہ اشیا کراچی اسمگلنگ کرتے ہوئے مقامی ویلفیئر ادارے کی ایمبولینس رنگے ہاتھوں پکڑی گئی جس میں سوار 2 ملزمان کو گرفتار کرکے چھیپا کوآرڈینیٹر کی مدعیت میں کلری مقدمہ درج کرلیا گیا  جبکہ ویسی ہی دوسری گاڑی لے کر ملزمان فرار ہوگئے۔

مدعی مقدمہ کے مطابق اس کارروائی میں چھیپا کی جعلی طور پر تیار کی گئی گاڑیاں استعمال کی گئی ہیں۔ 

سینیئر سپرٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سٹی سرفراز نواز نے بتایا کہ لیاری کے کلری تھانے کی حدود میں ماڑی پور روڈ پر علاقہ مکینوں کی مدد سے چھیپا ویلفیئر کے اسٹیکرز، لوگو اور ہوٹر لگی مشکوک ایمبولینس نمبر اے سی یو 303 کو گزشتہ روز پکڑا گیا تھا۔ 

ان کا کہنا تھاکہ گاڑی کی تلاشی کے دوران اس میں سے گٹکا، چھالیہ اور ایسی دیگر ممنوعہ اشیا سے بھری بوریاں برآمد ہوئیں جو افغانستان اور ایران سے بلوچستان کے راستے کراچی اسمگل کی جاتی ہیں۔ 

چھیپا ترجمان کے مطابق اس دوران اسی طرح کی دوسری ایمبولینس لے کر ملزمان فرار ہوگئے۔

پکڑی گئی گاڑی میں سوار دو ملزمان ثناء اللہ اور عباس خان کو گرفتار کرکے کلری تھانے میں ایف آئی آر نمبر 329/21 درج کرلی گئی ہے۔

چھیپا ویلفیئر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یوسف گوٹھ سے لیاری آ گرہ تاج کالونی کے راستے میں پکڑی گئی ایمبولینس اور ملزمان کا ان کے ادارے سے تعلق نہیں بلکہ اس گروہ کو انہی کے رضا کاروں کی مدد اور نشاندہی سے پکڑا گیا ہے۔

مزید خبریں :