کھیل
Time 02 نومبر ، 2021

سری لنکا کیخلاف میچ میں جوز بٹلر نے کونسا اعزاز اپنے نام کرلیا؟

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی 

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پیر کے روز سپر 12 مرحلے کے گروپ 1 کے میچ میں انگلینڈ نےسری لنکا کو 26 رنز سے شکست دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شاناکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔

انگلش ٹیم کی جانب سے جوز بٹلر نےاپنی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور  رواں ورلڈ کپ کی پہلی سنچری اسکور کی ۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 67 گیندوں پر ناقابل شکست 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس سنچری کے بعد جوز بٹلر انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کے واحد کھلاڑی بن گئے جنہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میچز میں سنچری اسکور کی۔

ان سے قبل انگلش ویمنز ٹیم کی کپتان ہیتر نائٹ نے تینوں فارمیٹ میں سنچری اسکور کی تھی۔

واضح رہے کہ انگلینڈ رواں ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں گروپ 1 میں مسلسل 4 میچ جیت کر ٹاپ پر ہے۔