کھیل
Time 01 نومبر ، 2021

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ کی مسلسل چوتھی فتح، سری لنکا ایونٹ میں کرشمے کا منتظر

لنکا کو ایونٹ میں موجود رہنے کیلئے کرشمے کا انتظار کرنا ہوگا —فوٹو: آئی سی سی
لنکا کو ایونٹ میں موجود رہنے کیلئے کرشمے کا انتظار کرنا ہوگا —فوٹو: آئی سی سی 

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 12 مرحلے کے گروپ 1 کے میچ میں انگلینڈ نے مسلسل چوتھی فتح حاصل کی جبکہ سری لنکا کو  ایونٹ میں موجود رہنے کیلئے کرشمے کا انتظار کرنا ہوگا۔

انگلینڈ نے سری لنکا کو 26 رنز سے شکست دیکر گروپ 1 میں ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شاناکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو  بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

انگلینڈ کی اننگز

انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔

جوز بٹلر کی سنچری

جوز بٹلرنے رواں ورلڈ کپ کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 67 گیندوں پر ناقابل شکست 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

جوز بٹلر اگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سنچری اسکور کی۔

اس کے علاوہ کپتان اوئن مورگن نے 40 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ہراسنگا ڈی سلوا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی اننگز 

164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکاکی پوری ٹیم 19 اوورز میں 137 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں عالمی نمبر 1 انگلینڈ نے سری لنکا کو 26 رنز سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کردیا۔

سری لنکا کی جانب سے ہراسنگا ڈی سلوا 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان داسن شاناکا اور  راجا پکسا نے 26،26 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے معین علی، عادل رشید اور کرس جو رڈن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کیسے سیمی فائنل تک پہنچے گا؟

سری لنکا کو اپنا آخری میچ  ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنا ہے۔ تکنیکی طور پر سری لنکا کو ابھی ایونٹ سے باہر نہیں کہا جاسکتا ہے۔

سری لنکا کو اب ویسٹ انڈیز کو بھاری مارجن سے شکست دینی ہوگی تاکہ اس کا رن ریٹ بہتر ہوجائے جبکہ ساتھ ہی یہ دعا بھی کرنی ہوگی کہ جنوبی افریقا اور آسٹریلیا مزید کوئی پوائنٹ حاصل نہ پر پائیں تاکہ معاملہ رن ریٹ پر آئے اور وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے جو کسی کرشمے سے کم نہیں ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ مسلسل 4 میچز جیت کر پہلے نمبر پر موجود ہے۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

 آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے ۔

مزید خبریں :