16 نومبر ، 2021
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم سندھ ہائی کورٹ میں جج رہے، انہیں برطرف کیا گیا تھا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ نے رانا شمیم کو 2015 میں گلگت بلتستان میں اپنا جج لگا یا۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے پریس کانفرنس میں عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی، اسلام آباد ہائی کورٹ کو ان دونوں کو بھی کل اپنے سو موٹو میں بلانا چاہیے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل نے کہا کہ یہ وہی نوٹری پبلک ہے جو نواز شریف کی دستاویز کو نوٹرائز کرتا ہے، جج شمیم کا پتا کیا جائے یہ کس کے خرچے پر لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں ۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔