پاکستان
Time 24 نومبر ، 2021

ثاقب نثار نے مان لیا آڈیو اُنکی ہے، اب بتائیں کس نے مجھے اور نوازشریف کو سزا دینے پر مجبور کیا: مریم

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے لیک آڈیو کو سابق چیف جسٹس کے خلاف چارج شیٹ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ثاقب نثار خود کو قانون کے سامنے پیش کریں۔

اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی مان لیا کہ آڈیو ان کی ہے، ثاقب نثار بتائیں انہیں کس نے مجبور کیا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو سزا دیں؟  ثاقب نثار بتائیں وہ کون تھا جس کو وہ بطور چیف جسٹس انکار نہیں کرسکے؟ بتائیں یہ جملے ’نواز شریف کو سزا دینی ہے، عمران خان کو لانا ہے‘  ثاقب نثار نے کس تقریر میں کہے؟۔

’ثاقب نثار کو مجبور کرنے والے تو آج بھی پردے کے پیچھے ہیں‘

مریم نواز نے کہا کہ جنہوں نے ثاقب نثار کو مجبور کیا وہ تو آج بھی پردے کے پیچھے ہیں  لیکن چہرہ ثاقب نثار صاحب کا داغ دار ہو رہا ہے ، فیصلے کرانے والے تو ہمیشہ بے چہرہ رہتے ہیں لیکن چہرہ جس کا سامنے آتا ہے وہ ہمارے معزز جج صاحبان ہیں، اس سازش کا سارا کچا چھٹا عوام کے سامنے آچکا ہے ، عدلیہ سے گزارش ہے کہ وہ خود کو اس سازش سے علیحدہ کرلے۔

 انہوں نے کہا کہ پہلے ثاقب نثار نے کہا تھا کہ یہ آواز ان کی نہیں ہے، ثاقب نثار کو آج نہیں تو کل سچ بتانا پڑے گا۔

مریم نے سوال کیا کہ ثاقب نثار صاحب، وہ کون تھا کہ جسے آپ چیف جسٹس پاکستان ہوتے ہوئے بھی انکار نہیں کرسکے،  ثاقب نثار بتائیں کس نے انہیں کہا کہ عمران خان کو لانا ہے،  کیا آپ اس بات سے انکار کرسکتے ہیں کہ عوام کے منتخب وزیراعظم نوازشریف کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، کیا اس بات سے انکار کرسکتے ہیں کہ عمران خان سے کہا گیا کہ نوازشریف کے خلاف درخواست ان کے پاس لائیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ نواز شریف اور ن لیگ کے حق میں پانچویں گواہی ہے، عمران خان کوکہا گیا کہ نواز شریف کے خلاف درخواست ہمارے پاس لائیں، پاناما میں 450 افراد کے نام آئے،کسی کوکچھ نہیں کہا گیا جس کا نام نہیں آیا اس کو سزا دی گئی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر منتخب وزیراعظم کو آفس سے باہر نکالا گیا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ثاقب نثار چپ ہیں اور حکومتی وزرا  ان کے دفاع میں ہلکان ہورہے ہیں، عمران خان نے مہنگائی پر اجلاس نہیں بلایا مگر ثاقب نثار کی آڈیو پر اجلاس بلالیا، جب آپ ثاقب نثار کےدفاع میں ہلکان ہوں گے تو یہ بات ان کے حق میں نہیں جاتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار جس سازش کا حصہ بنے اس سازش کا بینیفشری عمران خان ہے، یہ حکومت اور وزرا ثاقب نثار کو نہیں اپنے آپ کو بچا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کےخلاف جے آئی ٹی بناکر ہیرے لائے گئے، جب پینڈورا پیپرز آیا تو وہ ہیرے کہاں چلے گئے، میرا خیال ہے کہ وہ ہیرے ثاقب نثار کے ساتھ آئے تھے،ان کے ساتھ ہی رخصت ہوگئے۔

مزید خبریں :