دنیا
Time 27 دسمبر ، 2021

پوپ فرانسس کا شادی شدہ جوڑوں کو تین الفاظ ہمیشہ یاد رکھنے کا مشورہ

شادی شدہ جوڑوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اختلافات کو ختم کریں اور ایک دوسرے کو معاف کرنے کی عادت اپنائیں: پوپ فرانسس۔ فوٹو: فائل
 شادی شدہ جوڑوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اختلافات کو ختم کریں اور ایک دوسرے کو معاف کرنے کی عادت اپنائیں: پوپ فرانسس۔ فوٹو: فائل

کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے شادی شدہ جوڑوں کو تین الفاظ ہمیشہ یاد رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پوپ فرانسس کی جانب سے شادی شدہ جوڑوں کے لیے لکھا گیا خط اتوار کے روز جاری کیا گیا۔

پوپ فرانسس نے عالمی وبا کے دور میں گھریلو مسائل میں اضافے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جہاں کورونا کے باعث شادی شدہ افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ ٹائم گزارنے کے مواقع میسر آئے وہیں والدین اور بہن بھائیوں کے صبر کا امتحان بھی ہوا اور فیملیز کو بہت سی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض گھرانوں میں تو اختلافات اس قدر شدت اختیار کر گئے کہ نوبت علیحدگی تک جا پہنچی۔

عیسائیوں کے مذہبی پیشوا کا کہنا تھا کہ خاندان کو مضبوط اور مستحکم رکھنے کے لیے شادی شدہ افراد کو تین الفاظ پلیز، تھینکس اور سوری ہمیشہ یاد رکھنے چاہئیں۔

پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ والدین کی علیحدگی کے بچوں پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں اور سب سے زیادہ نقصان بھی بچوں کا ہوتا ہے لہذا شادی شدہ جوڑوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اختلافات کو ختم کریں اور ایک دوسرے کو معاف کرنے کی عادت اپنائیں کیونکہ اس سے ہر زخم بھر جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر بحث کے بعد شادی شدہ افراد کے دن کا اختتام امن پر ہونا چاہیے۔

مزید خبریں :