دنیا
31 اکتوبر ، 2012

ڈرون حملوں میں بے گناہوں کا قتل عام نہیں ہو نے دینگے،این رائٹ

 ڈرون حملوں میں بے گناہوں کا قتل عام نہیں ہو نے دینگے،این رائٹ

ڈیلس . .. . راجہ زاہد اختر خان زادہ/نمائندہ خصوصی …پاکستان میں امریکی سی آئی اے کی جانب سے کئے جانے والے ڈرون حملے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں،امریکی عوام سے ٹیکس لیکر حاصل کئے جانے والے ڈالرز بے گناہ سویلین کیخلاف استعمال نہیں ہو نے دیں گے،ا ن خیالات کا اظہار گلوبل ایکس چینج کی بورڈ آف ڈائریکٹر کی رکن امریکی سابق کر نل این رائٹ نے ڈیلس میں منعقد تقریب میں کیا۔ امریکی سابق کر نل این رائٹ پاکستان میں ڈرون حملوں کے خلاف وزیر ستان میں تحریک انصاف کی ریلی میں شرکت کر چکی ہیں۔ ڈیلس میں منعقدہ ساؤتھ ایشیا ء ڈیمو کریسی واچ کی جانب سے منعقد ہ تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا ہے کہ ہم طالبان کے حمایتی نہیں لیکن طالبان کی آڑ میں بے گناہ افراد کو کسی طورپر مارنے کا اختیار نہیں دینگے،اور اس کے لئے قانونی جدو جہد کے ساتھ احتجاج بلند کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں30امریکی باشندوں اور ایک کینیڈین شہری نے ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی،کینیڈین شہری کا کہنا ہے کہ اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں لیکن ڈرون حملوں کے خلاف ریلی میں شریک ہو ئے۔این رائٹ نے کہا کہ ڈرون حملوں سے متعلق ہماری اسلام آباد میں متعین امریکی سفیر سے ملاقات ہو ئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کے مرنے کی تعداد ٹو ڈجٹ میں ہے یعنی10سے لیکر99تک لیکن ہمیں جو معلومات ملی ہیں ان کے مطابق مر نے والوں کی تعداد800سے زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی دوڑ میں دیگر ممالک بھی آگے بڑھ رہے ہیں جس کے بعد یہ ٹیکنالوجی شہریوں کے بنیادی حقوق کے بھی خلاف استعمال ہو سکتی ہے ،جس کے لئے اس حوالے سے بین الاقوامی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ڈرون حملوں پر حکومت پاکستان آنکھیں بند کئے ہو ئے ہے اسی وجہ سے ڈروں حملے تواتر کے ساتھ جا ری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان چاہے تو یہ حملے بند ہو سکتے ہیں لیکن شاید حکومت پاکستان ایسا نہیں چاہتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے6ماہ کے لئے نیٹو سپلائی بند ہو نے سے ڈرون حملوں میں خاصی کمی واقع ہوگئی تھی ۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ جہاں بھی انسانی حقوق کی پامالی ہو گی وہ اور ان کی ٹیم وہاں پہنچ کر احتجاج کرے گی۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق ک پامالی پر وہ فلسطین بھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکا کے لئے نفرت بھی ڈرون حملوں کی وجہ سے ہے۔اس موقع پر ساؤتھ ایشیاء واچ کے ڈائریکٹر سید فیاض حسن،ہادی جواد اور آفتاب صدیقی نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں ساؤتھ ایشیاء ڈیمو کریسی واچ کے ڈائریکٹرز،ڈاکٹر قیصر عباس،راجہ مظفر کشمیری،راجہ زاہد اختر خان زادہ اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :