Time 10 فروری ، 2022
پاکستان

نتھیاگلی میں 5 اسٹار ہوٹل کولیزکی گئی زمین میں سے 5 کنال اراضی محکمہ جنگلات کی نکلی

خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام نتھیاگلی میں فائیو اسٹار ہوٹل کو لیز کی گئی زمین میں سے 5 کنال اراضی محکمہ جنگلات کی نکلی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سروے آف پاکستان نے نتھیاگلی میں محکمہ جنگلات کی زمین کی حد بندی کردی ہے، تاہم صوبائی کابینہ نے یہ زمین محکمہ جنگلات سےگلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کو منتقل کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

 محکمہ جنگلات صوبائی کابینہ کے فیصلے کے تحت زمین کو ڈی نوٹیفائی کردےگا جس کے بعد زمین گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ملکیت ہوجائے گی۔ جی ڈی اے یہ پانچ کنال زمین ایم ایس بیرن پاکستان لمیٹڈ کے مالک ممتاز مسلم کو دے گی، جی ڈی اے نے محکمہ جنگلات کو زمین کے بدلے زمین دینے کی پیشکش بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نجی کمپنی کو ہوٹل کی تعمیر کے لیے 22 کنال زمین لیز پر دی تھی۔ سروے آف پاکستان نے جی پی ایس سسٹم کے ذریعے زمین کی حد بندی کی، حد بندی کے بعد ماہرین جنگلات پر مشتمل ٹیم نے متنازع زمین کا دورہ کیا اور سروے آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلات کی زمین کی پیمائش کی، پیمائش کے مطابق محکمہ جنگلات کی زمین کا رقبہ تقریباً 5 کنال بنتا ہے جو جی ڈی اے کے زیر استعمال ہے۔

خیال رہےکہ نتھیا گلی میں ہوٹل کی تعمیر کا کنٹریکٹ جون میں ایوارڈ کیا گیا تھا، ستمبر میں  وزیراعظم عمران خان نے نتھیاگلی میں ہوٹل کی تعمیر کا افتتاح کیا تھا۔

ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی احسن حمید نے جیونیوز کو بتایا کہ محکمہ جنگلات سے سروے آف پاکستان کی رپورٹ کے متعلق کوئی مراسلہ موصول نہیں ہوا، محکمہ جنگلات نے زمین کو متنازع قرار دیا تاہم ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے، صوبائی کابینہ نے محکمہ جنگلات سے دستاویز مانگی مگر وہ پیش نہ کرسکے ۔

دوسری جانب ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر محمد علی سیف نے جیونیوز کو بتایا کہ محکمہ جنگلات کی زمین کا ریکارڈ انگریز دور کا ہے، سروے آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلات کی 5 کنال اراضی جی ڈی اے کے پاس تھی جسے محکمہ جنگلات ڈی نوٹیفائی کرےگا، جس کے بعد زمین جی ڈی اے کی ملکیت ہوجائے گی۔

مزید خبریں :