21 مارچ ، 2022
پاکستان کے علماء و مشائخ نے مسلح افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ملک بھر کے جید علما و مشائخ و مکاتب کی جانب سے متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں حزب اختلاف و اقتدار اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان سے اپیل کی گئی ہے کہ سیاسی جنگ میں پاک فوج کے خلاف مہم نہ چلائی جائے۔
علماء مشائخ کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف و اقتدار اور کارکنان سیاسی جنگ میں سلامتی کےاداروں کے خلاف مہم نہ چلائیں، مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے ملک کی سلامتی، بقاء اور استحکام کی علامت ہیں۔
متفقہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور ملک کی سلامتی کے اداروں کے خلاف کسی قسم کی مہم کو قبول نہیں کیا جا سکتا، پاکستانی قوم اور فوج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان میں پورا عالم اسلام اسلام آباد میں ہے۔
علماء مشائخ کے اعلامیے کے مطابق متعلقہ ادارے پاک فوج اور سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم چلانے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دانستہ نا دانستہ پاکستان میں انتشار پیدا کرنےکے خواہشمند عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے۔
علماء و مشائخ نے او آئی سی اجلاس میں شریک نمائندوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کا چند ماہ میں دوسرا اجلاس پاکستان کے لیے قابل فخر ہے، یہ پورے پاکستان کےمہمان ہیں، مسلم امہ کی اس اجلاس سے بہت ساری توقعات ہیں جو ان شاء اللہ پوری ہوں گی۔