ٹوئٹر کے مقدمے کے اعلان پر ایلون مسک کا مذاق اڑانے والا ٹوئٹ

ایلون مسک / رائٹرز فائل فوٹو
ایلون مسک / رائٹرز فائل فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ٹوئٹر کی جانب سے ان کے خلاف مقدمے کی تیاریوں کا مذاق اڑایا ہے۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا جس پر کمپنی نے عدالت جاکر دنیا کے امیر ترین شخص کو معاہدے پر عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں ایلون مسک نے ٹوئٹر کے فیصلے کا مذاق اڑایا جس میں دکھایا گیا کہ وہ کس طرح کمپنی کی باتوں پر ہنس رہے ہیں۔

ایلون مسک نے اپریل 2022 میں ٹوئٹر کو 54.20 ڈالرز فی حصص کی قیمت پر خریدنے پر اتفاق کیا تھا۔

مگر مئی میں ٹوئٹر میں جعلی اکاؤنٹس کی تعداد کو جواز بناتے ہوئے ایلون مسک نے سوشل میڈیا کمپنی کو خریدنے کے منصوبے پر عملدرآمد عارضی طور پر روک دیا تھا۔

6 جون کو دنیا کے امیر ترین شخص کے وکلا کی جانب سے ٹوئٹر کمپنی کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا تھا کہ اگر سوشل میڈیا نیٹ ورک اسپام اور جعلی اکاؤنٹس کا ڈیٹا فراہم نہ کرسکا تو وہ اسے خریدنے کا فیصلہ بدل سکتے ہیں۔

اس مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ٹوئٹر کی جانب سے وعدوں کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور ایلون مسک کے پاس معاہدے کو منسوخ کرنے کا اختیار موجود ہے۔

اس انتباہ کے بعد 9 جون کو کمپنی نے ایلون مسک کا مطالبہ پورا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مگر گزشتہ دنوں مگر ٹوئٹر کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایلون مسک نے کہا کہ وہ اس معاہدے پر پیشرفت اس وقت تک نہیں کرسکتے جب تک سوشل میڈیا کمپنی کی جانب سے اسپام اور فیک اکاؤنٹس کی تعداد کے بارے میں مزید تفصیلات ان کے حوالے نہیں کی جاتیں۔

پھر ان کی جانب سے 8 جولائی کو یو ایس سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کے پاس جمع کروائی گئی دستاویزات میں کہا گیا کہ ٹوئٹر انتظامیہ جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی اس لیے میں سوشل میڈیا کمپنی کو خریدنے کے اپنے معاہدے سے دستبردار ہورہا ہوں۔

رپورٹس کے مطابق مسک کی جانب سے یہ بھی دلیل دی گئی کہ ٹوئٹر کے دو اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کرنے کے فیصلے نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

ایلون مسک کے ڈیل سے دستبردار ہونے کے بعد ٹوئٹر کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے اپنے بیان میں کہا کہ'ٹوئٹر بورڈ مسک کو معاہدے کی پاسداری کرنے پر مجبور کرنے کیلئے قانونی کارروائی کرے گا'۔

مزید خبریں :