Time 11 اگست ، 2022
صحت و سائنس

کووڈ، فلو اور ایک اور عام وائرس کے لیے مشترکہ ویکسین کی تیاری

موڈرنا کے سی ای او نے ایک انٹرویو میں یہ بتایا / رائٹرز فوٹو
موڈرنا کے سی ای او نے ایک انٹرویو میں یہ بتایا / رائٹرز فوٹو

موڈرنا آئندہ 5 برس کے دوران کورونا وائرس، فلو اور نظام تنفس کے ایک عام وائرس آر ایس وی سے تحفظ کے لیے ایک مشترکہ ویکسین متعارف کرانا چاہتی ہے۔

موڈرنا کے سی ای او اسٹیفن بانسیل نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کورونا وائرس میں آنے والی مسلسل تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ویکسینز کو مسلسل اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تخمینہ لگایا کہ 3 سے 5 سال کے اندر ایک مشترکہ ویکسین دستیاب ہوگی جسے ہر سال ایک بار استعمال کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ویکسینز کی تیاری کا یہ عمل اسی طرح ہے جیسے ہر سال ایک نئے آئی فون کو پیش کرنا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سال ستمبر میں بیشتر افراد نئے آئی فون کو خریدتے ہیں اور ہم بھی کچھ ایسا کرنا چاہتے ہیں یعنی کووڈ، فلو اور آر ایس وی کے لیے ایسی سنگل ڈوز ویکسین کو تیار کرنا، جسے سال میں ایک بار استعمال کیا جائے۔

موڈرنا کے سی ای او کا ماننا ہے کہ کووڈ 19 کی وبا سے کمپنی کو 2022 میں اربوں ڈالرز کی آمدنی ہوگی اور 70 سے زیادہ ممالک میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔

مگر انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا وائرس کہیں غائب ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں ہم بہت سست روی سے پیشرفت کررہے ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ اب زیادہ تر لوگ وائرس کے ساتھ زندگی گزارنے کا انتخاب کررہے ہیں، بالکل اسی طرح جیسا فلو کے ساتھ ہوا۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ سوچ ان افراد کے لیے خطرناک ہے جن کا مدافعتی نظام کمزور ہے، جبکہ اس بات کا بھی ہمیشہ 20 فیصد امکان ہوتا ہے کہ کوئی فرد وائرس سے بہت زیادہ بیمار ہوجائے۔

مزید خبریں :