دنیا
Time 15 اگست ، 2022

برطانیہ نے موڈرنا کی اومیکرون کے خلاف کووڈ ویکسین کے استعمال کی منظوری دیدی

یہ اومیکرون کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کی اوریجنل قسم کے خلاف بھی مؤثر ہے / رائٹرز فوٹو
یہ اومیکرون کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کی اوریجنل قسم کے خلاف بھی مؤثر ہے / رائٹرز فوٹو

برطانیہ دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے 2020 کے آخر میں کووڈ ویکسین کی منظوری دی تھی۔

اب ایک بار پھر اس نے سب سے پہلے ایسی اپ ڈیٹڈ کووڈ ویکسین کی منظوری دی ہے جو کورونا وائرس کی اوریجنل قسم کے ساتھ ساتھ اومیکرون قسم سے بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔

برطانوی ریگولیٹر ایم ایچ آر اے نے امریکی کمپنی موڈرنا کی اپ ڈیٹڈ کووڈ ویکسین کے استعمال کی مشروط منظوری دی ہے جو بالغ افراد کو بطور بوسٹر استعمال کرائی جائے گی۔

اس منظوری کے بعد جے سی وی آئی نامی جوائنٹ کمیٹی کی جانب سے جلد ویکسین کے استعمال کے لیے سفارشات جاری کی جائیں گی۔

برطانیہ میں اس ویکسین کے استعمال کی منظوری کلینیکل ٹرائل کے ڈیٹا کی بنیاد پر دی گئی جس کے مطابق یہ نئی ویکسین اومیکرون اور وائرس کی اوریجنل قسم کے خلاف مؤثر مدافعتی ردعمل پیدا کرتی ہے۔

موڈرنا نے جون میں بتایا تھا کہ ٹرائل ڈیٹا سے ثابت ہوا ہے کہ اپ ڈیٹڈ ویکسین کی ایک خوراک سے اومیکرون کے خلاف اینٹی باڈیز کی سطح میں 8 گنا اضافہ ہوجاتا ہے۔

برطانوی ریگولیٹر نے بتایا کہ نئی ویکسین سے اومیکرون کی نئی اقسام بی اے 4 اور بی اے 5 کے خلاف بھی ٹھوس مدافعتی ردعمل پیدا ہوتا ہے۔

ایم ایچ آر اے کے مطابق نئی ویکسین کے استعمال سے زیادہ سنگین مضر اثرات کا سامنا نہیں ہوتا۔

برطانوی حکومت نے جولائی میں کہا تھا کہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں ایک بوسٹر پروگرام کا آغاز ہوگا جس میں زیادہ خطرے سے دوچار افراد کی ویکسینیشن ہوگی۔

یورپین میڈیسن ایجنسی کی جانب سے ستمبر میں اس اپ ڈیٹڈ ویکسین کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

فائزر اور بائیو این ٹیک کی جانب سے بھی اومیکرون سے تحفظ کے لیے ویکسین کو اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :