28 اگست ، 2022
انسٹاگرام نے کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے ایک نئے فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
اب 16 سال سے کم عمر نئے صارفین کے اکاؤنٹس کے لیے سکیورٹی سیٹنگ Sensitive Content Control میں مزید پابندیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔
اس سیٹنگ کے تحت، ایکسپلور، ہیش ٹیگ، پیجز، ریلز، فیڈ ریکومینڈیشنز اور اکاؤنٹس سجیشن میں مواد کو فلٹر کرکے دکھایا جائے گا۔
Sensitive Content Control کو جولائی 2021 میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ کم عمر افراد کو نقصان دہ اور نامناسب مواد سے دور رکھا جاسکے۔
اس سیٹنگ میں 2 آپشنز اسٹینڈرڈ اور Less موجود ہوتے ہیں۔
انسٹاگرام کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اب 16 سال سے کم عمر افراد جب اکاؤنٹ بنائیں گے تو انہیں ایک پروموٹ کے ذریعے Less سلیکٹ کرنے کا کہا جائے گا۔
بلاگ کے مطابق اس سے کم عمر صارفین کے لیے نقصان دہ مواد یا اکاؤنٹس تک رسائی مشکل ترین ہوجائے گی۔
کمپنی نے بتایا کہ ہم مسلسل ایسے کنٹرولز تیار کررہے ہیں جن سے صارفین کو انسٹاگرام کے تجربے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔