Time 30 اگست ، 2022
پاکستان

ورلڈ کپ جتوایا، فلاحی کام کیے، دہشت گردی کا مقدمہ خارج کیا جائے: عمران نے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

اسپتال اور یونیورسٹی بنائی، پاکستان کے کچھ اصل ’اسٹیٹس مین‘ میں سے ایک ہوں،کورونا وبا سے مؤثر انداز میں نمٹا، امریکا افغان مذاکرات کرائے: عمران خان کی درخواست کا متن— فوٹو: فائل
اسپتال اور یونیورسٹی بنائی، پاکستان کے کچھ اصل ’اسٹیٹس مین‘ میں سے ایک ہوں،کورونا وبا سے مؤثر انداز میں نمٹا، امریکا افغان مذاکرات کرائے: عمران خان کی درخواست کا متن— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکی پر درج دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

عمران خان نے شعیب شاہین ایڈووکیٹ ، بیرسٹر سلمان صفدر اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تقریر پر دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت 20 اگست کو تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ خارج کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ جتوایا، فلاحی کام کیے، اسپتال اور یونیورسٹی بنائی، پاکستان کے کچھ اصل ’اسٹیٹس مین‘ میں سے ایک ہوں،کورونا وبا سے مؤثر انداز میں نمٹا، امریکا افغان مذاکرات کرائے، میرے خلاف بدنیتی سے دہشت گردی کا مقدمہ درج کرایا گیا ۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر دہشتگردی کی دفعات لگائی جائیں، انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سرنڈر کر چکا ہوں، عبوری ضمانت منظور کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مقدمہ اخراج درخواست پر فیصلے تک ایف آئی آر پر کارروائی معطل اور تفتیش روکنے کا حکم دیا جائے۔

مزید خبریں :