31 اگست ، 2022
کے الیکٹرک نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں تقریباً ساڑھے 3 روپے تک کمی کی تجویز پیش کی ہے۔
کے الیکٹرک کی جولائی کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی سماعت نیپرا میں ہوئی۔
دوران سماعت کے الیکٹرک نے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 3 روپے 47 پیسے کمی تجویز پیش کی۔
کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ جولائی میں فیول پرائس میں کمی آئی، جولائی میں بارش کے باعث بجلی کی طلب گری تھی۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ ہمارے پاس تو اور اطلاعات ہیں، جولائی میں تو بہت لوڈشیڈنگ ہوئی تھی، ہم کے الیکٹرک کے صارفین سے پوچھتے ہیں۔
کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ جولائی کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے صارفین کو 6 ارب 24 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔
نیپرا میں کے الیکٹرک کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی جس میں اپریل سے جون 2022کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے لیے کے الیکٹرک نے 14 روپے 53 پیسے کا اضافہ مانگا ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کیا یہ 14 روپے 53 پیسے اضافہ کراچی کے صارف دیں گے؟ جس پر نیپرا افسر نے بتایا کہ یہ اضافہ کے ای کے صارف نہیں حکومت سبسڈی میں ادا کرے گی۔