Time 01 ستمبر ، 2022
پاکستان

’حکومت سفاکیت کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے عوام کو زندہ درگور کرنے پر تل گئی ہے‘

شریف زرداری حکومت کو سیلاب زردگان کی فکر ہوتی تو پیٹرول اور بجلی کی قیمت نہ بڑھاتے: عمر سرفراز چیمہ۔ فوٹو فائل
شریف زرداری حکومت کو سیلاب زردگان کی فکر ہوتی تو پیٹرول اور بجلی کی قیمت نہ بڑھاتے: عمر سرفراز چیمہ۔ فوٹو فائل

لاہور: مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ شہباز  زرداری حکومت بے حسی، ظلم اور سفاکیت میں تمام حدیں پار کرتے ہوئے عوام کو زندہ درگور کرنے پر تل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے سیلاب اور مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر ایک ہی دن میں پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کے بم گرا دیے، بجلی 4.34 روپے فی یونٹ مزید مہنگی، پیٹرول 2 روپے 7 پیسے مہنگا، ڈیزل 2 روپے 99 پیسے مہنگا اور مٹی کے تیل میں 10 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ نااہلی اور بے شرمی کی انتہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نااہل اور نالائق حکومت نے پیٹرول میں 10 روپے لیوی بڑھانے کی بجائے 17.5 روپے بڑھا کر 37.5 روپے فی لیٹر کر دی، بے حس حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی پر عوام کو ریلیف دینے کی بجائے منافع جیب میں ڈال لیا۔

عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت سیلاب کا بھی حیا نہیں کر رہی، عوام سے 37.5 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی لی جارہی ہے، شریف زرداری حکومت کو سیلاب زردگان کی فکر ہوتی تو پیٹرول اور بجلی کی قیمت نہ بڑھاتے۔

مشیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی نالائقیوں، نا اہلیوں اور بے حسی کی سزا عوام کو بھگتنی پڑ رہی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو بجلی اور پیٹرول پر سبسڈی دے کر مہنگائی کا بوجھ کم کر رہی تھی۔

مزید خبریں :